شہباز گل کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

اسلام آباد: اسلام آباد کی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کو مقامی پولیس کی جانب سے بغاوت کے الزام میں گرفتار کیے جانے کے ایک روز بعد جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ۔
شہباز گل کو جوڈیشل مجسٹریٹ عمر بشیر کی عدالت میں پیش کیا گیا جنہوں نے پولیس اور ان کے وکیل فیصل چوہدری کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ بعد ازاں انہوں نے دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
شہباز گل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیلی ویژن پروگرام کے دوران کہی گئی کسی بات پر شرمندہ نہیں۔ انہوں نے کسی کو بھڑکانے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ “میرے ریمارکس ایک محب وطن پاکستانی کی طرف سے ہیں اور جو اپنی مسلح افواج سے محبت کرتا ہے۔”
انہوں نے واضح کیا کہ وہ اپنے ریمارکس میں بیوروکریسی کے افسران کے بارے میں بات کر رہے تھے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے چیف آف سٹاف ڈاکٹر شہباز گل کو کل اسلام آباد سے گرفتار کر کیا گیا تھا۔
ڈاکٹر شہباز گل کو اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے لیے بنی گالہ جا رہے تھے۔ شہباز گل کے خلاف بنی گالہ تھانے میں بغاوت پر اکسانے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
فواد چوہدری نے الزام لگایا کہ شہباز گل کو سول ڈریس میں اہلکاروں نے حراست میں لیا اور بنی گالہ چوک میں ان پر تشدد کیا گیا۔