پی ٹی آئی چیئرمین کی پانچ مقدمات میں عبوری ضمانت میں توسیع

لاہور: لاہور کی ایک انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 9 مئی کے حملوں سے متعلق پانچ مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کی عبوری ضمانت میں 7 جولائی تک توسیع کر دی۔
ریس کورس پولیس نے پی ٹی آئی چیئرمین کے خلاف 9 مئی کو جناح ہاؤس، عسکری ٹاور اور شادمان تھانے پر حملے کے الزام میں مقدمات درج کیے تھے۔
اس سے قبل لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے آتشزدگی کے دو مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔
اے ٹی سی کے جج ابھر گل خان نے پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں میاں اسلم اقبال، حماد اظہر، جمشید اقبال چیمہ، مسرت جمشید چیمہ اور حسن اللہ نیازی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔
گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کی اشیاء کی خرید و فروخت میں مبینہ جعلسازی اور زمین کے لین دین کے مقدمات میں پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کی حفاظتی ضمانت اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی تھی۔
عمران خان جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے سامنے پیش ہوئے۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پی ٹی آئی کے سربراہ کو ملک میں مختلف الزامات کے تحت 100 سے زائد مقدمات کا سامنا ہے۔