یوم آزادی شایان شان طریقے سے منانے کی تیاریاں جاری

0

اسلام آباد: 14 اگست بروز اتوار کو 75 واں یوم آزادی شایان شان طریقے سے منانے کے لیے ملک بھر میں تیاریاں جاری ہیں۔

سرکاری ریڈیو پاکستان کے مطابق یوم آزادی کا آغاز خصوصی دعاؤں سے ہوگا اور اسلام آباد میں 31 اور تمام صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔ فجر کے وقت مساجد میں ملکی سلامتی، یکجہتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔

مختلف سرکاری اور نجی محکمے خصوصی تقریبات اور سرگرمیاں منعقد کریں گے جس میں تحریک پاکستان کے قائدین کی خدمات اور قومی ہیروز کی قربانیوں کے اعتراف پر توجہ دی جائے گی۔

عمارتوں کو قومی پرچموں، جھنڈیوں اور روشنیوں سے سجایا جا رہا ہے۔ لوگوں نے اپنی گاڑیوں اور گھروں کی چھتوں پر قومی پرچم آویزاں کر رکھے ہیں۔

اس کے علاوہ ملک کے کونے کونے میں مصروف سڑکوں کے کنارے اور دکانوں پر قومی پرچم، بنٹنگز، ٹوپیاں اور سبز اور سفید رنگوں میں بچوں کے کپڑوں کے اسٹالز لگائے گئے ہیں۔

ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی ویژن اس دن تحریک پاکستان کے ہیروز کی خدمات کو اجاگر کریں گے اور پاکستان کو حقیقت بنانے کے لیے ان کی غیر معمولی خدمات کو خراج تحسین پیش کریں گے۔

وزیر اعظم شہباز شریف 14 اگست کو پرچم کشائی کی تقریب میں دوبارہ ریکارڈ کیے گئے قومی ترانے کی رونمائی بھی کریں گے۔

Share This News

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *