دہشت گردی کیس میں عمران خان نے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کردی

اسلام آباد: سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے دہشت گردی کے مقدمے میں ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نے عوامی ریلی میں خاتون جج اور سینئر پولیس افسران کو ‘دھمکی’ دینے کے الزام میں درج دہشت گردی کے مقدمے میں ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔
عمران خان نے درخواست میں کہا کہ عدالت جب بھی کہے گی تحقیقات کا حصہ بننے کو تیار ہوں۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ ان کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں ہے اور انہیں کبھی سزا نہیں ہوئی ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ ضمانتی مچلکے جمع کرانے کو تیار ہوں، عدالت سے ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرنے کی استدعا ہے۔
واضح رہے کہ عمران خان کے خلاف 20 اگست کو اسلام آباد میں اپنی تقریر میں توہین آمیز زبان استعمال کرنے اور ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری کو دھمکیاں دینے پر دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی آر میں پی ٹی آئی سربراہ کی 20 اگست کی تقریر کا متن بھی شامل کیا گیا ہے۔
عمران خان نے اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ پی ٹی آئی رہنما شہباز گل پر تشدد پر انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس، ڈپٹی آئی جی اسلام آباد پولیس اور مجسٹریٹ زیبا چوہدری کے خلاف مقدمات درج کرائیں گے۔